
آئی سی سی 2023 کے 31ویں میچ میں بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آگیا۔
بھارتی شہر کلکتہ کے ایڈن کارڈن میں ہونے والے میچ میں پاکستانی بولرز کی زبردست بولنگ کی بدولت بنگلادیش کی پوری ٹیم 45.1 اوور میں 204 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 33ویں اوور میں پورا کیا لیکن اس جیت کے باوجود پاکستان کا رن ریٹ مثبت نہ ہوسکا۔
بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر تو آگیا لیکن قومی ٹیم کا رن ریٹ اب بھی منفی 0.02 ہے۔
پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 128 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
عبداللہ شفیق 69 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابراعظم خود بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
فخرزمان 74 گیندوں پر 81 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جس میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں غلط ثابت کردیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن اور لٹن داس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن تنزید پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔ شاہین نے اپنے اگلے ہی اوور میں نجم الحسین شنٹو کو پویلین واپس بھیج دیا جو صرف 4 رنز ہی بناسکے تھے۔
بنگلادیش کے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ لٹن داس اور محمد اللہ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم داس 45 رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کا شکار بن گئے۔
محمد اللہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن شاہین آفریدی نے انہیں 56 رنز پر بولڈ کرکے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ کپتان شکیب الحسن نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ توحید ہریوڈی 7، مہدی حسن مرزا 25، تسکین احمد6 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حارث رؤف 2، افتخار احمد اور اسامہ میر ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے آج کے میچ کے لیے 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اوپنر امام الحق کی جگہ فخرزمان کو میدان میں اتارا گیا ہے اور محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغاز ورلڈکپ میں ڈیبیو کریں گے جب کہ ان فٹ شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بنگلادیش کی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران شاداب خان فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد اسامہ میر کو ان کے متبادل کے طور پر کھلایا گیا تھا اور انہوں نے 2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اب تک 6 میچز کھیل چکا ہے جس میں اسے صرف 2 میں ہی کامیابی مل سکی ہے اور قومی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان اور سری لنکا سے بھی نیچے ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News