
ورلڈکپ؛ افغانستان نے سری لنکا کو شکست دے دی
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 30ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر پونے میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد سری لنکا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنر اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوگئے، 73 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زردان 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے 58 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تو رحمت شاہ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمر زئی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو اختتام پر پہنچایا اور 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شاناکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا اور دیمتھ کرونارتنے نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کرونارتنے 15 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد فضل الحق فاروقی کا شکار بن گئے جب کہ نسانکا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان کوشل مینڈس نے 50 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی اور سدیرا سمراوکرما نے 40 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ چیرتھ اسالنکا 22 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ دھننجایا ڈی سلوا صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انجلیو میتھیوس 23، مہیش تھکسانا 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 4، مجیب الرحمان 2، عظمت اللہ اومرزئی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News