
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر حیران ہوں۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی سیریز سے قبل میزبان ملک کی جانب سے ہمارے لیے جو انتظامات کیے گئے اس پر حیران ہوں۔
انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینبرا میں 4 روزہ میچ کے لیے پچ بہت سلو بنائی گئی تھی اور میں خود حیران تھا کہ آسٹریلیا میں اتنی سلو وکٹ کیسے ہوسکتی ہے تاہم ان سب کے باوجود ہم نے اپنی تیاری مکمل کی ہوئی ہے اور ہم آسٹریلیا کے خلاف ہر قسم کے چیلنج کے لیے تیار ہیں۔
محمد حفیظ سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے یہ سب معاملات کرکٹ آسٹریلیا کے سامنے اٹھائے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ سب جانتے ہیں کہ ہمارے لیے کیا انتظامات کیے گئے تھے اور ہمارے پریکٹس میچ کی پچ کیسی تھی لہذا بار بار کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
قومی ٹیم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے یہ جان بوجھ کر کیا ہو اور یہ ان کی حکمت عملی ہو لیکن ہم کوئی معذرت پیش نہیں کریں گے کیوں کہ ہم یہاں آسٹریلیا کو ہرانے آئے ہیں اور اس کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔
ابرار احمد کی فٹنس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابرار احمد کے علاوہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں، ابرار احمد ری ہیب کر رہے ہیں، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہو جائیں گے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ محمد رضوان ایک اچھے بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین فیلڈر بھی ہیں لہذا ان کا سرفراز احمد کے ساتھ اسکواڈ میں شمولیت کا آپشن موجود ہے تاہم یہ فیصلہ پچ کو دیکھنے کے بعد کیا جائے گا کہ کون سی پلینگ الیون میدان میں اتاری جائے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ نے کہا کہ پاکستان یہاں پر سلو پچ پر پریکٹس کرتی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم پرتھ کی تیز پچ پر انہیں آؤٹ کلاس کردیں گے کیوں کہ کینبرا میں انہوں نے جس پچ پر پریکٹس کی وہ بہت سلو تھی لیکن پرتھ کی پچ تیز ہوگی اور اس میں کوئی شک نہیں بطور میزبان ٹیم ہمیں یہ فائدہ حاصل ہے، جس کو ہم ضائع نہیں کریں گے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News