
ملکی خودمختاری، قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی خودمختاری، قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 262ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کانفرنس کے شرکاء کو اس موقع پر بھارت کی جانب سے ماورائے علاقائی اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرز کو پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا۔
آرمی چیف نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہےم پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، ملکی خودمختاری، قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فورم نے اس موقع پر عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی، بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے، عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اور خطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا جائزہ لیا، فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
شرکاء کانفرنس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی، کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے کی، اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News