
ملازمین کو ملازمت چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لیے کمپنی کا انوکھا اقدام
ایک چینی ایڈورٹائزنگ ایجنسی پر سابق ملازمین کی طرف سے یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ اس نے اپنے دفاتر شہر سے دور دراز پہاڑی علاقے میں منتقل کر دیے ہیں تاکہ انہیں نوکری چھوڑنے پر مجبور کیا جا سکے اور انہیں معاوضہ ادا نہ کیا جاسکے۔
ملازمین کو مستعفی ہونے پرمجبور کرنے کے لیے کمپنی نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا ہے، چین کے صوبہ شانزی کے شہر ژیان شہر میں واقع ایک اشتہاری کمپنی نے مبینہ طور پر اپنے دفاتر کو دیہی پہاڑی علاقے میں منتقل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ الزامات ایک سابق ملازم کی طرف سے لگائے گئے ہیں جس کے مطابق وہ دفاتر کے دور دراز علاقے میں منتقل ہونے اور کام کے نئے حالات کی وجہ سے کمپنی چھوڑنے والے عملے میں شامل ہیں۔
چانگ نامی اس شخص کا کہنا ہے کہ کمپنی نے انہیں مطلع کیا کہ کنلنگ پہاڑوں میں ایک نئی جگہ پر دفتر منتقل کر دیا گیا ہے جس کا یک طرفہ سفر دو گھنٹے کا ہے جبکہ کمپنی میں زیادہ تر ملازمین کے پاس ذاتی سواری بھی نہیں ہے۔
چانگ نے مزید کہا کہ ملازمت کے دوران ذاتی سواری نہ رکھنے والے ساتھیوں کو ایک بس پر انحصار کرنا پڑتا تھا جو ہر تین گھنٹے بعد چلتی ہے اور پھر دفتر پہنچنے کے لیے پہاڑی راستوں سے مزید تین کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا تھا۔
جبکہ قریب ترین ریلوے سے ٹیکسی کی سواری کی قیمت لگ بھگ 60 یوآن یا 8 امریکی ڈالر ہے، اور کمپنی نے ان اخراجات کو پورا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
نئی جگہ مبینہ طور پر نہ صرف دور دراز تھی بلکہ اس میں بنیادی سہولیات کا بھی فقدان تھا، جس کی وجہ سے خواتین ملازمین کو صرف پبلک ٹوائلٹ استعمال کرنے کے لیے قریبی گاؤں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔ علاقے میں آوارہ کتوں کی تعداد نے بھی اسے غیر محفوظ بنا دیا، خاص طور پر شام میں۔ لیکن ملازمین کی جانب سے متعدد شکایات کے باوجود انتظامیہ کان نہیں دھرا۔
بالاخر، اعلیٰ افسران کو کئی ناکام شکایات کے بعد، چانگ سمیت 20 ملازمین میں سے 14 نے استعفیٰ دے دیا۔ تاہم، صرف چار دن بعد، وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ کمپنی نہ صرف دوبارہ ژیان شہر میں منتقل ہو گئی ہے بلکہ نئے ملازمین کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے اپنے سابق باس پر الزام لگایا کہ وہ بغیر کسی معاوضے کے انہیں ملازمت چھوڑنے پر مجبور کررہے تھے اسی لیے دفاتر منتقل کیے گئے تھے۔
اس کہانی کے وائرل ہونے کے بعد، اشتہاری کمپنی کی جانب سے ان دعوؤں کی تردید سامنے آئی ہے جس میں کمپنی کی ساکھ کو بدنام کرنے پر سابق ملازمین پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
کمپنی کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا کرایہ زیادہ تھا، اور نئے دفتر کی تزئین و آرائش کی جا رہی تھی۔ ہم ایک ہوم اسٹے چلا رہے تھے، اس لیے ہم ایک ہفتے کے لیے وہاں عارضی طور پر منتقل ہو گئے تھے۔
تاہم، سابق ملازمین اب کمپنی پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ وہ صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کے لیے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے ملازمین کو یہ کہا تھا کہ کمپنی نے دفتر کو دور دراز پہاڑی مقام پر ایک سال کے لیے منتقل کیا ہے۔ چینی سوشل میڈیا کی اکثریت نے سابق ملازمین کا ساتھ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News