عراق میں 2 مقامات پر ایرانی پاسداران انقلاب کے میزائل حملے
عراق کے شہر اربیل میں 2 مقامات پر ایرانی پاسداران انقلاب نے بیلسٹک میزائل حملے کردیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ عراق کے شہر اربیل کے ایک مقام پر میزائل حملے میں کمانڈر سمیت داعش کے کئی افراد جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا اربیل میں جاں بحق داعش کے دہشت گرد ایران کے شہر کرمان میں حملے میں ملوث تھے جب کہ دوسرا حملہ کردستان میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پر کیا گیا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ موساد کا دفتر مشرقی وسطیٰ بالخصوص ایران میں حملوں کی سازش کرتا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملے خطے میں جاسوسی کے مراکز اور ایران مخالف دہشت گرد گروہوں کے اجتماعات کو تباہ کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اربیل ہوائی اڈے پر حملوں کے بعد فضائی ٹریفک بھی روک دی گئی ہے۔
اربیل کے گورنر امید خوشناؤ نے کہا کہ اربیل خوفزدہ نہیں ہوگا، یہ ایک دہشت گردانہ حملہ اور غیر انسانی فعل ہے جو اربیل کے خلاف کیا گیا ہے۔
کرد علاقے کی سلامتی کونسل کے مطابق حملے میں چار افراد ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے میزائل حملوں کی مخالفت کرتے ہیں جو عراق کے استحکام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عراقی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت عراق اور کردستان کی علاقائی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
