
امریکی صدر کا اسرائیلی وزیر اعظم سے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کا مطالبہ
امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم سے کہا کہ اسرائیل کو رفح میں کسی قابل اعتماد منصوبے کے بغیر فوجی آپریشن شروع نہیں کرنا چاہیے تاکہ وہاں پناہ لینے والے تقریباً 10 لاکھ افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان 45 منٹ تک ہونے والی یہ گفتگو امریکی صدر کے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے فوجی ردعمل کو حد سے تجاوز قرار دینے اور فلسطین میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر گہری تشویش کے اظہار کے چند روز بعد ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے یرغمالیوں کی محفوظ رہائی کے بارے میں بھی بات چیت کی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق بات چیت میں پیشرفت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کے لیے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔اس دورا ن دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت میں 7 اکتوبر سے اب تک 28 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News