
جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں کوئی اتحاد نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں کوئی اتحاد نہیں ہوا، جس الیکشن پر سوال اٹھیں اسے کیسے تسلیم کرلیں؟۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں تقریباً یہی مینڈیٹ تھا ن لیگ اور پی پی کہہ رہی تھیں دھاندلی ہوئی ہے جبکہ آج اسی مینڈیٹ کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی آئی والوں کو بھی کہتا ہوں آپ کا بھی تقریباً وہی مینڈیٹ ہے، پی ٹی آئی وفد پہلے بھی کئی بار آیا ہمیشہ عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو ملک بھر کے الیکشن میں تحفظات ہیں اور کے پی میں پی ٹی آئی کے نتائج پر تحفظات ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان دیوار نہیں پہاڑ حائل ہے، ہم اپنی اور پی ٹی آئی والے اپنی پوزیشن پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں 12 سال اختلاف رہا، آج پی ٹی آئی والے دھاندلی کہہ رہےہیں، 2018 میں کہا الیکشن ٹھیک تھا، 2018 ہو یا 2024 غلط ہمیشہ غلط ہوتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ کو 10 سے 15 سیٹیں ملنی چاہئیں تھیں، پیپلزپارٹی کو سندھ میں شکست ہونی چاہئے تھی، پیپلزپارٹی تو آگے بڑھ رہی ہے اور بلوچستان کی طرف جارہی ہے۔
جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پہلے بھی اتحاد کے بغیر جیتے،بلدیاتی الیکشن میں ہمارا اتحاد نہیں تھا، ہمارے امیدواروں نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News