
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ کل بھی کہتے تھے کہ دھاندلی ہوئی اور آج بھی دھاندلی کہتے ہیں، اقتدار مل جائے تو الیکشن ٹھیک نہ ملے تو دھاندلی ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ملکر ہم نے تحریک چلائی ہے، ہمارے کارکن سڑکوں پر ہوتے تھے اور مسلم لیگ ن کی قیادت کنٹنیر پر ہوتی تھی، 2018 اور آج کی تینوں بڑی جماعتوں کی سیٹیوں کی تعداد ایک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ کل بھی کہتے تھے کہ دھاندلی ہوئی اور آج بھی دھاندلی کہتے ہیں، اقتدار مل جائے تو الیکشن ٹھیک نہ ملے تو دھاندلی ہوئی ہے، پی ٹی آئی مسلم لیگ ن اور پی پی پی سب کے پیمانے ایک جیسے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ کرسی بانٹ حکومت بننے جارہی ہے، یہ کرسی تیری یہ کرسی میری پر دوبڑی پارٹیوں کی لڑائی ہورہی ہے، یہ آپس میں لڑرہے ہوں گے اور ان کو پیچھے سے خفیہ ہاتھ چلا رہے ہوں گے لیکن ہم سڑکوں پر آئیں گے تو اپنی طاقت اور عوام لے کرآئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن مہم نہیں چلانے دی گئی، میں الیکشن سے پہلے کہتا رہا کہ ہم الیکشن مہم نہیں چلا پارہے، پارلیمان ہماری اتنے مجبوری نہیں کہ ہم بوٹ چاٹتے رہیں، میں دوسرے صوبوں میں بھی جاوں گا، تمام مجالس عمومی سے مشاورت لیکر فیصلہ کروں گا کہ کیا پارلیمان ہمارے لئے ضروری ہے، پارلیمان کی کیا حیثیت ہے کہ ایک قانون بھیج کر کہتے ہیں اسے منظور کرو۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس ملک کو چلانا ہماری ذمہ داری ہے، اب بظاہر حالات سلجھتے نظر نہیں آرہے، سب کچھ سوچ سمجھ کیا جارہا ہے، مارتے بھی ہیں اور رونے بھی نہیں دیتے، سب کچھ سمجھ آتا ہے، بیالیس سال ان معاملات دیکھا ہوا ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News