
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، میں الیکشن کمیشن، نگران صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور ان تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جنہوں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یہ اہم موقع نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کے استحکام اور مضبوطی بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ثبوت ہے،پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری عمل کا سنگ بنیاد رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹروں کا زیادہ ٹرن آؤٹ ہمارے ملک کے مستقبل کے لئے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے، ووٹ کے ذریعے حق رائے دہی کے اظہار سے ہماری جمہوریت مضبوط ہو گی اور اس کے لئے پاکستانی عوام تحسین کے مستحق ہیں۔
انوار الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے غیر معمولی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود عوام کا جذبہ اور انتخابی عمل میں ان کی شرکت ہمارے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے سرگرم قوتوں کے خلاف ایک طاقتور بیان ہے ۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا ہے کہ یہ امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ہماری اجتماعی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک بار پھر میں اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، دعا ہے کہ یہ الیکشن پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی نوید ثابت ہوں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News