پی ایس ایل9: لاہور میں میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لاہور میں میچز کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لاہور میں میچز کےدوران عوامی سہولت،ٹریفک کی موثر روانی اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کے لیے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا گیا۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ 4 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز اور 90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم،ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے۔
عمارہ اطہر نے بتایا کہ غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 20 فورک لفٹرز اور 5بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے تین پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں سٹی ٹریفک پولیس روایتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی۔
سی ٹی او لاہور نے مزید بتایا کہ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ،مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں رکھا جائے گا۔
عمارہ اطہر نے بتایا کہ ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ لمحوں کے لیے بند کیا جائے گا۔ موومنٹ گزرتے ہی تمام ڈائیورژن کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین کرکٹ براستہ فیروز پور گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ ٹھوکر، جوہر ٹاؤن، کاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری براستہ سینٹر پوائنٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے۔
کینٹ، ڈیفنس کی طرف سے آنے والے شائقین کرکٹ سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ کرسکیں گے۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ راستہ ایپ،راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا جبکہ شہر ی مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکیں گے۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ شہری قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
