سعودی عرب میں اسلامی وحدت کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا انعقاد
سعودی عرب میں اسلام میں فرقہ واریت کے خاتمے کے حوالے سے اسلامی وحدت کے نام سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دو روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے شریک علمائے کرام نے کہا کہ اسلام کو فرقہ واریت سے نجات دلانے کی ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ یکجان ہوکر ایک ساتھ آگے بڑھے اور کامیاب ہو۔
مکہ مکرمہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فرمان سے منعقدہ عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے علمائے کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان سے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر علمائے کرام شریک تھے۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت ایک ایسا ناسور ہے جس سے لوگوں میں اختلافات کے علاوہ تصادم بھی پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اسلام کی روح سے ایک جسم کی مانند ہوجائیں تاکہ وہ ایک طاقت کے طور پر دنیا بھر میں جانے اور پہچانے جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان میں فرقہ وارانہ سرگرمیوں کی نفی کی ہے اور ہمیشہ اس بات کی اہمیت پر زور دیا ہے کہ فرقہ وارانہ سرگرمیوں سے باز رہا جائے اور مسلمانوں کے درمیان باہمی بھائی چارے کی فضا قائم ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
