
سینیٹ کے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع
اسلام آباد: سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے4، ن لیگ اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست حاصل کرلی۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہونے کے بعد چھوڑی گئی سینیٹ کی 6 نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات ہوئے جس میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے 4 بجے تک جاری رہا۔
پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا جب کہ سینیٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک، سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔
قومی اسمبلی
اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی امیدوار تھے جب کہ اسلام آباد کی نشست کے لیے ووٹنگ قومی اسمبلی میں ہوئی۔
اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔
سینیٹ کی ایک نشست کے لیے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے جب کہ 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔
سندھ اسمبلی
سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں سندھ سے پیپلز پارٹی کے سیف اللہ دھاریجو اور اسلم ابڑو امیدوار تھے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل بھی سندھ سے سینیٹ کے امیدوار تھے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی
علاوہ ازیں بلوچستان سے سینیٹ کی 3 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے 7 امیدوار میدان میں تھے۔
بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے جب کہ مسلم لیگ ن کے میر دوستین ڈومکی نے 17 ووٹ حاصل کیے اور جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کرسینیٹر منتخب ہوگئے۔
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے جمعیت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور بلوچستان میں اتحاد کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News