
بلاول بھٹو زرداری کا شہیدذوالفقارعلی بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام میں ان کے 45 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج قوم جب اپنےعظیم لیڈر کا یومِ شہادت منا رہی ہے تو دکھ سے بھرا کسی حد تک ایک اطمینان ہے، اطمینان یہ ہے کہ نظامِ انصاف نے بالآخر شہید بھٹو کی شہادت میں اپنے شریک کردار کا اعتراف کردیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو کے المناک عدالتی قتل کے 45 سال بعد یہ اعتراف عوام کے دل اور تاریخ کے فیصلے کا عکاس ہے، سپریم کورٹ کا آبزرویشن بلاشبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے موقف کی عدالتی توثیق کے مترادف ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مؤقف تھا کہ شہید بھٹو کو ایک مذموم سازش کے تحت عدالتی ظلم و ستم کا شکار بنایا گیا، صدر مملکت آصف علی زرداری کو شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس دائر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کا دائر کرنا قومی تاریخ کی ایک اہم پیشرفت تھی، شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس درست وقت پر درست اقدام کے مترادف ہے، شہید بھٹو کو انصاف دلانے کے لئے صدر آصف علی زرداری کے غیر متزلزل عزم نے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کی بنیاد رکھی،۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس نے ملک کے عدالتی سفر میں گہری پیش رفت کی راہ ہموار کی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی پاکستان کے سماجی و سیاسی منظرنامے میں خدمات بے مثال ہیں، پاکستان کے تمام اسٹریٹجک بیانیہ و اثاثوں کے بنیادی ستونوں کو قائم کرنے میں شہید بھٹو کا کلیدی کردار ہے۔
بلاول بھٹو نے پیغام میں کہا کہ ملک کے متفقہ آئین کی تشکیل سے لے کر جوہری پروگرام اور زرعی و صنعتی اصلاحات قائدِ عوام کے تحفے ہیں، پاکستان چین دوستی اور امت مسلمہ کے ساتھ پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کی شکل میں شہید بھٹو کی لیگیسی ہر سمت میں قائدانہ رہی، اگرچہ سپریم کورٹ کی قائد عوام کی بے گناہی کے متعلق گواہی پارٹی کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید بھٹو کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کا سفراب بھی جاری ہے، میں آئین، پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کو برقرار رکھنے اور پاکستان کو خوشحالی، ترقی اور مساوات کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہوں، میں اپنے نانا شہید بھٹو اور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان کو ایک رول ماڈل مسلم ملک بنانا چاہتا ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے عزم و استقلال اور جدوجہد کے ذریعے پوری قوم کے لیے یکساں انصاف اور خوشحالی کی راہ ہموار کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News