خدمت کرکے کراچی اور حیدرآباد سے بہت زیادہ سیٹیں جیتیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کی خدمت کرکے کراچی اور حیدرآباد سے بہت زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔
صوبہ سندھ کے محمکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کی جانب سے آٹومیٹک فیئر کلیکشن سسٹم کی افتتاحی تقریب کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شرکت کی۔
اس نظام کے تحت پیپلز بس سروس کی ٹکٹنگ نقد رقم کے بجائے کارڈ کے ذریعے ہوگی جب کہ کارڈ پیپلز بس سروس کے اسٹاپ پر قائم جے ایس زندگی کے اسٹال سے مفت حاصل کیا جائے گا جب کہ یہ کارڈ جیز کیش ایزی پیسہ یا کسی بھی بینک اکاؤنٹ سے ری چارج ہوسکے گا۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنک بس سروس پر عوام نے ہمیں بہت زیادہ سراہا جب کہ سندھ ٹرانسپورٹ میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہماری شروعات کچھ سست رہی لیکن ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات پربہت خوشی ہوئی، انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی پارٹی لیڈر شپ میں بہترین سہولیات فراہم کرتی رہے گی، ہم سندھ میں لوگوں کو ڈیلیور کررہے ہیں۔ 2018 میں ہم نے سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کی تھیں جب کہ 2024 میں ہمیں سندھ سے 117 سیٹیں سندھ کے لوگوں نے دی ہیں۔
مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ کراچی میں ہماری سیٹیں کچھ کم رہ گئیں لیکن ہم مزید محنت کریں گے اور سیٹیں حاصل کریں گے، 1970 میں پی پی سب سے بڑی پارٹی تھی لیکن ایک بار پھر ہم اسے حاصل کریں گے اور ہم لوگوں کی خدمت کرکے کراچی اور حیدرآباد سے بہت زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اپنی لیڈرشپ کی قیادت میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی بہت کاوشیں ہیں جب کہ ان تمام سفری سہولیات کا فائدہ کراچی کے شہریوں کو مل رہا ہے اور ہماری زمہ داری ہے کہ ہم سندھ کے تمام شہریوں کی خدمت کریں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات سندھ و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ پیپلز بس سروس کے آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج انتہائی خوشی کا دن ہے سندھ کے لیے کیونکہ آج ہم نے سندھ پیپلز بس سروس کے لیے آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے مسافروں کے لیے سفری سہولیات کو آسان بنانے کے ساتھ کرایہ کی آسانی ہے جب کہ ہم مزید بسیں کراچی میں لارہے ہیں تاکہ شہریوں کو سفری سہولیات میئسر آئیں اور یہ پاکستان کا پہلا آٹو میٹڈ سسٹم ہے جسے ہم متعارف کرارہے ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ الیکٹرک بسیں بھی ہم ہی شہریوں کے لیے لے کر آئے جب کہ خواتین کے لیے پنک بسیں بھی ہماری ہی کوشش ہے، سندھ حکومت نے اپنی خواتین امپاور کرنے کے لیے یہ سہولت فراہم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی میں تین سال میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھیں جب کہ ہم 50 روپے میں یہ بہترین سفری سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ جب مہنگائی میں اضافہ ہوا تو ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے مجھے کرایہ بڑھانے کی سمری بھیجی لیکن جب میں نے وزیراعلیٰ کو بتایا تو مجھے کہا گیا کہ آپ کرایہ نہیں بڑھائیں گے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی میں کچھ تاخیر ہوئی اور ڈالر بڑھنے سے پیداواری لاگت بڑھ گئی تاہم اب اس منصوبے پر 5 روز سے دوبارہ کام کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ یلو لائن بی آر ٹی بڑا پروجیکٹ ہے اور اس پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر منصوبے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، سندھ سمیت کراچی میں جہاں جہاں ٹرانسپورٹ کے ایشوز ہیں اسے حل کریں گے۔ ہر ڈسٹرکٹس میں یہ بسیں چلیں گی اور لوگوں کو سہولت ملے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
