
اپوزیشن رونا دھونا چھوڑے اور عوامی مسائل پر بات کرے، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رونا دھونا چھوڑے اور عوامی مسائل پر بات کرے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں یکجہتی ومفاہمت کی بات کی جب کہ مفاہمت کے لئے ڈائیلاگ ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے نمائندے اگر اپنے آپ کو منتخب سمجھتے ہیں تو عوام کے مسائل پر بات کریں، اپوزیشن جمہوری انداز میں بے شک احتجاج کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن بجٹ پر مشاورت کریں، کوئی رکن اس وقت ہی ذمہ دار بن سکتا ہے جب وہ اپنے رونے دھونے کی بجائے عوامی بات کرے۔
بلاول بھٹو مزید کہتے ہیں کہ اپوزیشن رونا دھونا چھوڑے اور عوامی مسائل پر بات کرے، صدر زرداری نے بیس منٹ جب کہ اپوزیشن لیڈر نے ڈیڑھ گھنٹہ تقریر کی لیکن اپوزیشن لیڈر نےعوامی ایشوز پر بات نہیں کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں سندھ کے مقابلے کا ایک اسپتال نہیں، سندھ سے کوئی دوسرے صوبے میں علاج کرانے نہیں جاتا جب کہ دوسرے تمام صوبوں سے علاج کرانے لوگ سندھ آتے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے پی کے حکومت کو دعوت دیتی ہے کہ وہ ہمارے اسپتال آکر دیکھیں، سندھ میں گھوسٹ ٹیچرز کا مسئلہ بائیو میٹرک حاضری سے حل کردیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری نہیں ہونی چاہیے جب کہ پاکستان کا موقف کشمیر و فلسطین پر صدر مملکت نے واضح بیان دیا، میں مذمت کرتا ہوں کہ جب صدر زرداری تقریر کررہے تھے تو اپوزیشن شور شرابہ کررہی تھی۔ سفیروں کی موجودگی میں پاکستان کا مقدمہ کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔
کسانوں پر بات کرتے ہوئے پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں تو آج ہی ایکشن لینا ہوگا، کسانوں کو ان کا حق نہیں مل رہا۔ حکومت نے گندم کی ایکسپورٹ پر بھی پابندی لگادی ہے، کسانوں کو مراعات دینی چاہیے اور گندم اسکینڈل میں ملوث ملزمان کو سزاہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ نگران حکومت کے گندم منگوانے کی انکوائری ہونی چاہیے، باہر سے گندم منگوانے سے ملکی پیسہ ضائع ہوا جب کہ گندم منگوانے سے معیشت کے ساتھ کسانوں کو بھی نقصان ہوا۔
انہوں نے حکومت پت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب کمیٹی کمیٹی کھیلنا بند کرے، دوسرے ملکوں کے کسانوں کو پاکستان کا پیسہ دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کو گندم اسکینڈل کے ملزمان کے خلاف ایکشن لینا چاہیے، پنجاب اور بلوچستان میں کسان سراپا احتجاج ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News