کرغزستان سے محصور طلبا کی واپسی، خیبر پختونخوا حکومت کو فلائٹ کی اجازت نہ مل سکی
پشاور: ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کو کرغزستان سے محصور طلبا کو لانے کے لئے فلائٹ کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بشکیک میں ایئرپورٹ اور ایئر روٹ کی کلیئرنس ہوچکی ہے لیکن وفاق اجازت نہیں دے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے کرغزستان میں محصور چھ سو طلبا کو لانے کے لئے تو طیاروں کو ادائیگی بھی کردی ہے، وفاق جیسے ہی اجازت دے گا، پشاور سے دو طیارے بشکیک کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
صوبائی حکام کے ذرائع نے کہا کہ بشکیک سے پشاور لائے جانے والے طلبا میں پنجاب کے طلبہ بھی شامل ہیں، کرغزستان سے لائے جانے والے طالب علموں میں طالبات کو ترجیحی بنیادوں پر لایا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بشکیک سے محصور طلبا کو لانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے 8 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا کہ بشکیک ایئرپورٹ پر طلباء وطالبات کی ایئرپورٹ پر بورڈنگ مکمل ہوچکی ہے، طلباء کو باحفاظت پہنچانے کے لئے خصوصی فلائٹ آپریشن کی تمام تر ذمہ داری پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہے۔
بیرسٹر سیف کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق بشکیک ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے بعد طلباء ڈیپارچر لاؤنج میں موجود ہیں جب کہ اطلاعات ہیں کہ وزیر دفاع خواجہ آصف لاہور ایئرپورٹ سے جہاز کو اڑنے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں لیکن خواجہ آصف کی زبانی ہدایت پر جہاز کو روکا گیا ہے جب کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فلائٹ شیڈول میں بھی بشکیک سے فلائٹ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پتا نہیں جعلی فارم 47 حکومت کی اوورسیز پاکستانیوں سے کیا دشمنی ہے جب کہ ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں میں زخمی طلباء بھی شامل ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے جو وہ نہیں نبھارہی ہے، خیبرپختونخوا اپنے لوگوں کی مدد کرنا چاہ رہا ہے تو اس میں بھی روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News