شہباز شریف کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر اجلاس، عوامی ایکشن کمیٹی کا ردعمل
مظفر آباد: عوامی ایکشن کمیٹی کا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس پر رد عمل سامنے آگیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما شوکت نواز میر کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی احتجاج ختم کروانے کے لئے ہمارے ساتھ متعدد بار سیاسی وعدے کئے گئے، جب تک نوٹیفکیشن ہمارے ہاتھ میں نہیں آجاتا قافلوں کا رخ مظفرآباد کی جانب رہے گا۔
شوکت نواز میر نے کہا کہ ریاست بھر سے آنے والے ہزاروں افراد محض طفل تسلیوں اور دلاسوں سے واپس نہیں جائیں گے۔
شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ حکومتی سنجیدگی پر اس وقت یقین آئے گا جب تمام مطالبات نوٹیفکیشن کی صورت میں حل کرکے ہمارے سپرد کئے جائیں گے اور نوٹیفکیشن ملنے کے بعد ہی اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورت حال پر ہونے والے اجلاس کی اندروانی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کشمیری قیادت کی دعوت پر آئندہ چند روز میں آزادکشمیر کا دورہ کریں گے اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبے پر سستے آٹے اور پیداواری لاگت پر بجلی فراہمی کیلئے 23 ارب روپے کی فراہمی پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی قدغن کے باعث 23 ارب روپے کہ رقم گرانٹ کی صورت میں فوری طور پر فراہم کی جائے گی جب کہ حکومت آزادکشمیر آٹے کی سبسڈی کی مد میں 12 ارب روپے پہلے سے فراہم کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آزادکشمیر کے نئے مالی سال بجٹ میں 23 ارب روپے کی رقم کو بطور گرانٹ شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، آزادکشمیر میں عوام کو پیداواری لاگت پر بجلی کی فراہمی کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے گرانٹ کی فراہمی کے بعد عوام کو نئے بجلی پلانٹ نئی قیمتوں پر دیے جائیں گے۔
ذرائع نے کہا کہ آزادکشمیر میں پن بجلی منصوبوں کے ریاستی حکومت کے ساتھ معاہدوں، نیٹ ہائیڈل پرافٹ، واٹر یوز چارجز سے متعلقہ معاملات طے کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے آزاد کشمیر دورے کے دوران طویل عرصے سے حل طلب معاملات پر پیش رفت متوقع ہے جب کہ آزادکشمیر حکومت کے صدر، وزیراعظم، وزراء اور افسران کی مراعات میں کمی کے لئے اجلاس میں غور ہوا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آزاد کشمیر میں آٹے کی سبسڈی گلگت بلتستان کی طرز پر ہوگی جب کہ آزادکشمیر میں گلگت بلتستان کی طرز پر سستا آٹا فراہم کرنے کے لئے حکومت آزاد کشمیر کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے ایکشن کمیٹی سے ان معاملات پر عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین سے بات کرکے احتجاج ختم کروانے کی ہدایات بھی دیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
