
یوم تکبیر پر بلاول بھٹو کی قوم کو مبارکباد
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی ایٹمی قوت بننے کے دن پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 26 سال مکمل ہونے پر پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آج ہم قائدِ عوام شہید بھٹو کی لیگیسی کو یاد کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان کو جوہری قوت بنانے کا خواب دیکھا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی دباؤ کے باوجود اپنے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جوہری پروگرام کی غیر متزلزل بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ آج کے دن ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے وژن کو ثابت قدمی سے آگے بڑھایا جب کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدید میزائل ٹیکنالوجی کی فراہمی سمیت پاکستان کے دفاع کے لیے کلیدی خدمات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1998 میں بطور اپوزیشن لیڈر زور دیا تھا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے حکومتِ وقت پر دباوَ ڈالا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سائنسدانوں اور ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا جب کہ جوہری پروگرام کے سائنسدان اور اس سے منسلک دیگر افراد ہمارے ہیرو ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کم از کم جوہری ڈیٹرنس کی قومی پالیسی برقرار رکھنے کی حامی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی جوہری پھیلاؤ سمیت ہتھیاروں کی عالمی دوڑ کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی۔
بلاول بھٹو مزید کہتے ہیں کہ ہم پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور جمہوریت کے اصولوں میں یقین رکھتے ہیں، آج کے دن ہم اپنی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں اور ایک محفوظ، پرامن اور جمہوری پاکستان کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News