عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو رفح پر حملے نہ کرنے کا حکم
عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے رفح پر حملے نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح پر حملے نہ کرنے کا حکم دیا جب کہ عالمی عدالت انصاف نے 2-13 کی اکثریت سے یہ فیصلہ سنایا ہے۔
عالمی عدالت انصاف نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل رفح پر حملے فوری طور پر روکے اور غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کروائے جب کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔
آئی سی جے نے کہا کہ عدالت نے اپنے سابقہ فیصلے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ عالمی عدالت کے فیصلوں پر اسرائیل نے عمل نہیں کیا اور عالمی عدالت سمجھتی ہے کہ غزہ کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔
عالمی عدالت انصاف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی درخواست پرفیصلہ عدالتی دائرہ اختیارمیں ہے، اسرائیل کے آپریشن سے 8 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں اور غزہ کے باسیوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے جب کہ کھانے پینے کی اشیاء کو بھی روکا گیا ہے۔
آئی سی جے نے بتایا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے کرنا شروع ہوگئے ہیں، جنوری میں جس تشویش کا اظہار کیا گیا تھا وہ حقیقت میں بدل گئی ہے جب کہ عالمی عدالت کے 10 جنوری 2024 کے فیصلے کے بعد بھی اسرائیل نے حملے جاری رکھے۔
آئی سی جے کے فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ غزہ میں تباہی ایک ڈراؤنا خواب ہے، 10 مئی کو اسرائیل نے 10 لاکھ فلسطینیوں کو رفح سے منتقلی کے احکامات دیے جب کہ رفح میں 7 مئی سے شروع اسرائیلی حملے تاحال جاری ہیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ عالمی عدالت سمجھتی ہے کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کو روک رہا ہے، عالمی عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ غزہ میں زمینی حقائق یکسرتبدیل ہوئے، رفح آپریشن سے زندہ رہنے کی جو چند سہولتیں ہیں وہ بھی تباہ ہوجائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
