
جنوبی کوریا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں
اسلام آباد: جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
چیئرمین کیپٹل آفس فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کریم عزیز ملک کی جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون سے فیڈریشن آفس میں ملاقات ہوئی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے ملاقات کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ کوریا سی پیک منصوبوں اورعلاقائی روابط بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت کے فروغ کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، 240 ملین آبادی پرمشتمل پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک سے منسلک ہے جس کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر کیلئے سرمایہ کاری کے لحاظ سے اہم ملک ہے۔
عاطف اکرام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زراعت، جیمز اینڈ جیولری، مائنز اینڈ منرلز، ماربل اینڈ گرینائیٹ اور انٹرٹیمنٹ جیسے اہم شعبے ہیں جن میں کوریا کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔پاکستان کوریا جوائنٹ بزنس کونسل کی تشکیل جلد کی جائے گی۔
چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت ڈیڑھ ارب ڈالر ہے جسے بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، جنوبی کوریا پاکستانی منصوعات کو اپنی مارکیٹ میں مزید آسان رسائی فراہم کرے تا کہ تجارت کا توازن بہتر ہو۔
انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن آف چیمبرز پاکستان، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر رواں سال ستمبر میں جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقاد کررہا ہے جب کہ ہماری تجویز ہے کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں بھی اس میں شرکت کریں۔
کریم عزیز ملک نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کے دیگر چیمبر آف کامرسز کے ساتھ مل کر کوریا میں مینگو فیسٹول کا انعقاد بھی کرسکتا ہے، دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان رابطے کو بڑھانے کیلئے تجارتی وفود تشکیل دیے جانے چاہیے۔
کنونئر ڈپلومیٹک کمیٹی ایف پی سی سی آئی احمد وحید نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کوریا کی الیکٹرونکس کمپنیاں، سام سنگ اور بیوٹی پراڈکٹس کی کمپنیاں پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سام سنگ موبائل پاکستان میں اسمبل کیا جائے کیونکہ اس موبائل کا پاکستان میں بہت یوزر ہے اور اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ایک تو اس کی قیمت لوکل کم ہوجائے گی اور دوسرا لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔
کریم عزیز ملک کہتے ہیں کہ کورین چند برسوں میں اپنی اکانومی کو بہت اوپر لے گئے ہیں، ہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے محفوظ ملک ہے یہاں پر پیمنٹس کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، کورین کمپنیاں رسک فری ہوکر یہاں سرمایہ کاری کریں ہم انہیں خوش آمدید کریں گے۔
جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی کوریا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، جنوبی کوریا کے سرمایہ کار پاکستان میں سی پیک منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے سفیر کہتے ہیں کہ ہماری خواہش ہوگی کہ ستمبر میں ہونے والی جیمز اینڈ جیولری نمائش میں کورین کمپنیاں شرکت کریں اور کوریا میں مینگو فیسٹول کے انعقاد کی تجویز بھی اچھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن آف چیمبرز پاکستان کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دے کر پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر چیئرمین کوآرڈنیشن ملک سہیل حسین، اسپشل کوآرڈنیٹر افشاں ملک، عارف بٹ، آمنہ ملک، راشد ہمایوں و دیگر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News