
کے الیکٹرک نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن کردی، ایم کیو ایم
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کراچی والوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ جن علاقوں سے 100 فیصد بلنگ ہوتی ہے وہاں بھی روزانہ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ کے الیکٹرک نے کراچی والوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
ایم کیو ایم نے سوال اٹھایا کہ اگر بجلی کی پیداوار کم ہے تو پھر فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جو اربوں روپے بٹورے جارہے ہیں وہ کس کی جیب میں جارہے ہیں؟ کے الیکٹرک بجلی کے بلوں میں مختلف اقسام کی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کراچی والوں کو لُوٹ رہے ہے۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی پر ظلم کر رہی ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، کے الیکٹرک کے خلاف شکایات پر وفاقی حکومت کوئی ایکشن نہیں لے رہی، کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی پر حکومت اپنی بے بسی کی وجہ بتائے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بتائیں کہ ہم کے الیکٹرک کی شکایات لے کر کس کے پاس جائیں؟ وفاقی حکومت کے الیکٹرک نامی چھری سے اُس گائے کا گلا کاٹ رہی ہیں جو دودھ دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والے پرامن لوگ ہیں مگر انہیں بے وقوف نہ سمجھا جائے، کراچی میں تنخواہ دار طبقہ بڑھتی مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بڑھتے ہوئے ٹیکس سے تنگ آچُکے ہیں، جب ظلم کے خلاف شکایات پر کوئی سنوائی نہیں ہوگی تو عوامی ردِعمل آئے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News