 
                                                      میری زبان کھلے گی تو پتا لگ جائے گا آٹھ فروری کو کیا ہوا، میئر کراچی
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ اگر میری زبان کھلے گی تو پتا لگ جائے گا آٹھ فروری کو کیا ہوا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب پورٹ قاسم ضلع ملیر پہنچ گئے، جہاں انہو نے ضلع ملیر کے توسیع علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا افتتاح کیا جب کہ ضلع ملیر میں شامل ہونے والے علاقوں کو 500 ڈسٹ بن تقسیم کیے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان علاقوں میں بھی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت صفائی ستھرائی کی جائے گی اور کراچی کے مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں کی صفائی ستھرائی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاکھوں ٹن کچرا ہم نے صاف کیا ہے، پیپلزپارٹی کے وژن کے مطابق کراچی کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب شہر میں تبدیل کریں گے۔ آج صفائی ستھرائی کے حوالے سے کراچی کی وہ خراب صورتحال نہیں ہے جو ماضی میں ہوا کرتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی کو ترقی یافتہ شہر دیکھنا چاہتے ہیں اور کراچی کے ساتوں اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں جب کہ سندھ حکومت کے تمام بلدیاتی ادارے متحرک اور فعال ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں اپنے فرائض بہتر طور پر انجام دے رہے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ کراچی میں کچرے کی صفائی کے ساتھ سیاسی اور ذہنی صفائی بھی کریں گے اور کچرا اٹھانے کے لئے جو ڈسٹ بین چائیے ہوتے ہیں وہ اب خود بنائیں گے اور مضافاتی علاقوں سے بھی کچرا صاف کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے جو عوام سے وعدہ کیا وہ ہم پورا کریں گے، کراچی کے تمام پچیس ٹاون میں کچرے کے ڈبے یکساں طور پر تقسیم کریں گے جب کہ نالوں کی صفائی کا ٹینڈر دیدیا ہے اور بکرا عید کے بعد کام شروع کردیں گے۔
میئر کراچی نے یہ بھی بتایا کہ اگلے ہفتے ٹاؤن کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے جب کہ کے ایم سی نے اپنے مشینری میں بھی اضافہ کیا ہے، وسیم اختر کے دور میں جو پمپ بند تھے ان کو فعال کردیا ہے اور آلائشوں کے حوالے سے بھی پلاننگ کرلی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے ملزمان کے حوالے سے عدالتی احکامات بڑی مشکل ہیں، عدالتی نظام کا جو حکومت سے رابطہ ہوتا تھا وہ اب نہیں جب کہ ہمارے افسران کو روز عدالتیں بلالیتی ہیں، عدالتیں شاید آزاد ہیں لیکن پتہ نہیں حکومت آزاد ہے کہ نہیں۔
مئیر کراچی نے مزید کہا کہ اگر میری زبان کھلے گی تو پتا لگ جائے گا آٹھ فروری کو کیا ہوا، مصطفی کمال کے دور میں نالوں پر مکانات دکانیں بنادی گئیں لیکن اب وہ دور نہیں عمران اسماعیل اور وسیم اختر پیالہ ہوٹل پر چائے پی کر موسم کو انجوائے کریں۔ بحیثیت مئیر میں اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد بارشوں میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 