امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بالآخر سوشل میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر مشہور ویب سائٹ ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔
ٹک ٹاک میں شمولیت اختیار کرنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 20 لاکھ سے زائد فالوورز ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ یہ وہی ایپ ہے جس پر انہوں نے قومی سلامتی کی بنیاد پر بطور صدر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی تھی۔
ہفتے کے روز اس پلیٹ فارم میں شامل ہونے کے فیصلے سے سابق صدر کو وائٹ ہاؤس کے لیے اپنی تیسری کوشش میں نوجوان ووٹروں تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر جو بائیڈن کے ساتھ سخت مقابلے میں ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی انتخابی مہم پہلے ہی ٹک ٹاک پر 336,000 فالوورز کے ساتھ موجود ہے، حالانکہ بائیڈن نے ایک بل پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت 170 ملین امریکیوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی ایپ پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
ٹرمپ نے ہفتے کی رات اپنے اکاؤنٹ پر ایک لانچ ویڈیو پوسٹ کی، اس ویڈیو کو 34 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو نیو جرسی کے شہر نیوارک میں الٹی میٹ فائٹنگ چیمپیئن شپ کے مقابلے میں مداحوں کا استقبال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے کہا ہے کہ وہ نوجوان رائے دہندگان تک رسائی حاصل کرنے کی اپنی کوششوں میں کوئی بھی محاذ غیر محفوظ نہیں چھوڑیں گے۔
بائیٹ ڈانس نے اس قانون کو عدالتوں میں چیلنج کیا ہے جس کے تحت اسے اگلے جنوری تک ٹک ٹاک فروخت کرنا ہوگا یا پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ قومی سلامتی کی بنیاد پر چین کی ایپ کو ختم کرنا چاہتا ہے۔
ٹک ٹاک نے دلیل دی ہے کہ وہ امریکی صارفین کا ڈیٹا چینی حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کرے گا اور اس نے اپنے صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
