چاند نظر آگیا؛ عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہوگی
پشاور، کوہاٹ اور اٹک سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ذی الحجہ 1445 کا چاند نظر آگیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں اراکین سمیت معاونت کے لیے اسپارکو کے نمائندے اور چیف میٹ آفیسر بھی شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں ملک بھر کی طرح چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جب کہ زونل اور ڈویژنل سطح پر بھی قائم رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس میں عید الاضحٰی کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔
پشاور، کوہاٹ، کرک اور اٹک سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ذی الحجہ کا چاند دیکھا گیا تاہم مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے پنجاب کے کسی بھی شہر سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ماہ ذی الحجہ 1445 کا چاند نظر آگیا ہے اور ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مطلع مکمل صاف تھا اور مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق رائے سے طے پایا کہ ملک میں یکم ذو الحجہ 8 جون کو ہوگی۔
خیال رہے کہ ماہر فلکیات نے آج پاکستان میں عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز شام 5 بج کر 40 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی تھی جب کہ آج سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 12.5 ڈگری اونچا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
