 
                                                      تشدد کے متاثرین کا عالمی دن؛ کشمیریوں کی حمایت میں مظفر آباد میں ریلی کا انعقاد
تشدد کے متاثرین کی حمایت میں اقوام متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حُریت کانفرنس کی جانب سے مظفرآباد میں ریلی کا انعقاد۔
چھبیس جون تشدد سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر آج مقبوضہ کشمیر کے بھارتی قید میں کشمیریوں اور بھارتی فوج کے تشدد زدہ افراد کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا جارہا ہے۔
کل جماعتی حُریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی، راجہ خادم حسین، عزیر احمد غزالی، زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، مشتاق الاسلام، چوہدری شاہین، اعجاز رحمانی اور دیگر رہنماؤں نے ریلی کی قیادت کی۔
ریلی کے شرکاء مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال، کشمیری قیدیوں کی حالت زار اور بھارتی جنگی جرائم کے خلاف سراپا احتجاج رہے جب کہ ریلی میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کی رہائی اور ان کی تصاویر آویزاں تھیں جب کہ ریلی کے شرکاء نے برہان وانی شہید چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے رہا کرو رہا کرو کشمیری قیدیوں کو رہا کرو، جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے، بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو اور ہم کیا چاہتے آزادی کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
غلام محمد صفی کی قیادت میں کشمیری رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ کے مبصرین کو بھارتی جنگی جرائم کے خلاف ایک قراداد بھی پیش کی۔
کنوینئر غلام محمد صفی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی قبضے کے خاتمے اور حصول حق خودارادیت تک ہماری جدوجھد جاری رہے گی۔ بھارت مقبوضہ ریاست پر فوجی قبضے کو دوام بخشنے کے لئے کشمیری عوام پر بدترین جنگی جرائم ڈھا رہا ہے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت تحریک آزادئ کشمیر کو دبانے کے لئے کشمیری قیادت کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے، قومی آزادی کی جدوجھد میں بھارت نے مقبول بٹ اور محمد افضل گرو کو تختہ دار پر چڑھا کر کشمیری عوام کے حوصلوں کو توڑنے کی ناکام کوشش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مودی حکومت نے کشمیری آزادی پسند رہنماؤں کو حق خودارادیت کے بنیادی موقف سے ہٹانے کے لئے جیلوں میں قید کیا ہوا ہے۔
اسپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سید علی گیلانی شہید، محمد اشرف خان صحرائی شہید، الطاف احمد شاہ، غلام محمد بٹ، حکیم نوید انجم کے جنازے بھارتی جیلوں میں نکلے۔
مشتاق احمد بٹ کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت مسلسل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نظر انداز کر کے امن کو تہ وبالا کررہی ہے۔
مسلم کانفرنس کے رہنما راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ کشمیری آزادی پسند رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید، شیخ عبد العزیز شہید، خواجہ عبدالغنی شہید کو دلی سرکار نے آزادی مانگنے کی پاداش میں سر راہ شہید کیا لیکن کشمیری عوام کا سرنگوں نہیں ہوا۔
ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر سجاد لطیف خان کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ اقوامِ متحدہ وعدے پورے کرے۔
عزیر احمد غزالی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت کشمیری رہنماؤں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر عبد الحمید فیاض، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ناہیدہ نسرین، نعیم خان، ایاز اکبر، صوفی فہمیدہ، سیف اللہ پیر، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، امیر حمزہ، حیات ڈار، عمر عادل ڈار اور دیگر رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔
زاہد اشرف نے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کو آزادی اور حقوق مانگنے کو جرم قرار دیتے ہوئے اجتماعی قتل عام کا نشانہ بناچکی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 