
کیئر اسٹارمر باضابطہ طور پر برطانیہ کے وزیر اعظم بن گئے
لندن: لیبر لیڈر کیئر اسٹارمر باضابطہ طور پر برطانیہ کے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔
لیبر لیڈر کیئر اسٹارمر نے حکومت بنانے کے لیے کنگ چارلس سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے کنگ چارلس کا اعتماد حاصل کیا۔
کیئر اسٹارمر کا ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر قوم سے پہلے خطاب میں کہنا تھا کہ میں ابھی شاہی محل سے واپس آیا ہوں، میں نے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کی اور میں رشی سونک کا بھی مشکور ہوں۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ رشی سونک نے برطانیہ کے لیے غیرمعمولی کوشش کی، رشی سونک اور ان کی لیڈرشپ نے بہت محنت کی تاہم ہم نے اور ہمارے ملک نے تبدیلی کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پبلک سروس ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ آپ نے ہمیں ووٹ دیا اور آپ کے اعتماد پر اترنا ہماری ذمہ داری ہے۔
کیئر اسٹارمر مزید کہتے ہیں کہ برطانیہ کو ایک بار پھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے اور اپنی سرحدوں کومحفوظ بنائیں گے، شہریوں کو حقوق دیں گے جب کہ آج کے بعد حکومت صرف عوام کی بھلائی کے لیےکوشاں رہے گی۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد سر کیئر اسٹارمر نئے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس میں لیبر پارٹی نے 650 میں سے اب تک 338 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاسل کرلی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News