محرم الحرام کےدوران عزاداروں کوسہولیات کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنایاجائےگا، سعیدغنی
سینئرصوبائی وزیرسندھ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں تمام بلدیاتی ادارے 24 گھنٹے تک اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں اسٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی، سیوریج کے مسائل اور کارپیٹنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ عزاداران کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو اور کسی بھی شکایات پر فوکل پرسن تعینات کردیا ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے نشتر پارک، محفل شاہ خراسان، طاہری مسجد، حسنیہ امام بارگاہ کھارادر، بڑا امام بارگاہ، امام بارگاہ باب العلم، محسن امام بارگاہ انچولی سمیت دیگر امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں کی انتظامیہ سے محرم الحرام کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کی۔
صوبائی وزیر کے ہمراہ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیراعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے عہدیداران، میونسپل کمیشنر کے ایم سی، صدر ٹائون، جناح ٹائون، گلبرگ ٹائون کے ایم سیز، سی او او واٹر بورڈ، ڈائریکٹرز سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ڈپٹی کمیشنرز، ایس ایس پیز، امام بارگاہوں اور طاہری مسجد کے زمہ داران سمیت دیگر اعلٰی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے محرم الحرام کے دوران نشتر پارک سمیت مختلف امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس کے اطراف کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پانی اور سیوریج کے نظام اور سڑکوں کی حالت زار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا اور جن جن راستوں کو کارپیٹ کرنا ہے اس کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، جو جلد مکمل کردیا جائے گا۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ کراچی واٹر بورڈ کارپوریشن پانی کی فراہمی کو ہر صورت امام بارگاہوں اور مجالس کے دوران یقینی بنانے کے لئے اپنے انتظامات مکمل کرلئے ہیں، جبکہ تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا کام بہتر انداز میں کیا جارہا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی قسم کی شکایات پر فوکل پرسن تعینات کردیا ہے، جو تمام سے رابطے میں رہے گا۔ ابھی تک کے انتظامات پر تمام امام بارگاہوں کے منتظمین مطمئین ہیں البتہ جہاں کچھ مسائل ہیں انہیں رات تک حل کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں کے ایم سی، تمام ٹائونز اور تمام بلدیاتی ادارے اس دوران 24 گھنٹے اپنی سروسز جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
