ملک میں نہ سیاسی استحکام ہے نہ معاشی استحکام، شاہد خاقان
عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں نہ تو سیاسی استحکام ہے اور نہ ہی معاشی استحکام جب کہ حکمرانوں کو ملک کی پرواہ بھی نہیں۔
عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر شاہد خاقان عباسی نے تاسیسی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں اور ہم جی ڈی پی کا ایک فیصد صحت پر خرچ کر رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں ایکسپورٹ گررہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جو ملک دودھ پر ٹیکس لگادے تو وہ اور کیا کرسکتا ہے، آج ہمارے نوجوان امید کھو بیٹھے ہیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں حل پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر نے کہا کہ کسی نے بھی پاکستان کے مسائل اور ان کے حل کی بات نہیں کی، ہم تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں جب کہ حکومت آج بھی معمول کے مطابق ملک چلانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جاکر لوگوں کو دعوت دیں گے اور ان سے بات کریں گے، یاد رکھیں فارم 47 والے ملک نہیں بناتے، جن کی شہرت ٹھیک نہیں وہ عوام پاکستان کا حصہ نہیں بنیں گے، ایسے لوگ ہونے چاہئیے جو اقتدار کی کرسیاں تلاش نہ کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھے لوگ الیکشن ہارے ہوئے ہیں، ہر الیکٹیبل قابل قبول نہیں ہے، ہم ہرقیمت پر اقتدار نہیں ڈھونڈ رہے جب کہ عوام پاکستان میں وہ لوگ ہوں گے جو ملک کو کچھ دیں گے۔
عوام پاکستان پارٹی کے رہنما کہتے ہیں کہ ملک ان لوگوں پر چلتا ہے جو کچھ دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ شخصیات، خاندانوں اور پیسوں کی سیاست کو پروان نہیں چڑھائیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عوام پاکستان سوچ کا نام ہے اقتدار کے حصول کا نہیں، عوام پاکستان ایک غیر روایتی جماعت ہے۔ ارکان اسمبلی بتائیں دودھ پر ٹیکس لگا دیا، کیا اپنی آمدن پر لگایا؟
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
