کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف یوم سیاہ؛ سیاسی شخصیات کے اہم پیغامات
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے، اسی ضمن میں سیاسی شخصیات نے اہم پیغامات جاری کیے ہیں۔
بلاول بھٹو
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقعے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والےعوام کی آواز کو دبانے کی بھی مذمت کرتے ہیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ کشمیریوں کا حق خودارادیت ایک انسانی حق ہے، ایک بنیادی انسانی حق کو کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا۔
بلاول بھٹونے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے، خطے میں انصاف، امن اور آزادی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگذیر ہے۔
بلاول بھٹونے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے کشمیر کاز ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ رہا ہے، قائد عوام شہید بھٹو کا کشمیر کے لیے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کے لیے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری کی کشمیر کاز کے لیے کاوشوں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے اپنے پہلے دور صدارت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پربھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
بلاول بھٹونے کہا کہ صدرآصف علی زرداری نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کی بھرپور وکالت کی ہے اور اس عظیم مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے آج بھی پوری استقامت کے ساتھ پرعزم ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے تمام پاکستانی آگے آئیں، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف تمام پاکستانی اپنی آواز بلند کریں۔
بلاول بھٹو نے مزید یہ بھی کہا کہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے تمام پاکستانی کوششیں کریں، پیپلز پارٹی کشمیریوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔
سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کشمیر پر بھارتی قبضہ و جارحیت کے 77 برس کے مظالم کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر ی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق بھارت نے غاصبانہ قبضہ کرکے کشمیری عوام پرمظالم کے پہاڑ توڑ دیئے جس کے خلاف ہرمہذب معاشرہ کو آواز بلند کرنی چاہیے، کشمیر ایک حسین و خوبصورت وادی ہے لیکن بھارت نے اسے خون آلود کردیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے سازش کے ذریعے کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ جمایا اور مسلمانوں کا قتل عام کیا، آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پر بھارتی فوج کشی کو 77 سال بیت چکے مگر کشمیری عوام پر مظالم اب بھی جاری ہیں، مہذب اقوام کو کشمیر کے مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر ہونا ہی کشمیری عوام کے مسائل کا حل ہے، بھارتی جارحیت نے بہت سے بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی جبر کے خلاف اقوام عالم کو بھارت پر دبائو ڈالنا ہوگا، بھارت خود کو سیکولراسٹیٹ قرار دیتا ہے مگر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے کتراتا ہے، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے قانونی حق کے حصول کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔
فیصل کریم کنڈی
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، آج کے دن 77 سال پہلے بھارتی افواج ناجائز طور پر کشمیر پر قابض ہوئیں۔
فیصل کریم نے کہا کہ 27 اکتوبر ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام شروع دن سے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پاکستان ہمیشہ کیطرح ہر محاذ پر کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
فیصل کریم نے کہا کہ 77 برس سے بھارت نے طاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کی آزادی وخودمختاری دبا رکھی ہے، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی مظالم عالمی انسانی حقوق کے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت جتنے بھی مظالم کر لے لیکن کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت اور حق آزادی سے دستبردار نہیں کر سکتا، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیری عوام پر کئی دہائیوں سے جاری مظالم بند کروائے۔
فیصل کریم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ضروری ہے، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی مظالم سے نجات حاصل کر لیں گے، بھارتی ظلم و جبر کیخلاف کشمیریوں کے عزم و حوصلہ، بلند جذبہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی یوم سیاہ کشمیر پرپیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کرنے کا دن ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ1947 سے لیکر آج تک ہر سال یوم سیاہ منایا جانا اس بات کا مظہر ہے کہ بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے، بلوچستان کے عوام کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبے بھر میں اپنے کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاررہا ہے، کشمیریوں پر بھارتی تسلط مسترد اور مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارت کا جارحیت پر مبنی چہرہ آشکار ہوچکا ہے، بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کیا، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید یہ بھی کہا کہ خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
