
ڈپٹی کمشنر سینٹرل کراچی طحہ سلیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمشنرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اینٹی اینکروجمنٹ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے واضح طور پر کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تجاوزات اور پتھاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز یا کسی بھی کاروبار کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اپنی حدود سے باہر آ کر تجاوزات کریں۔
طحہ سلیم نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں عوامی ڈینٹر، پینٹرز، پھلوں اور سبزی کے ٹھیے شہریوں کے لیے ذہنی اذیت کا سبب بن رہے ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ اب ہر ہفتے میں چھ دن آپریشن کیا جائے گا، اور اس عمل میں کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اینکروچمنٹ آفیسر اپنے فرائض میں کوتاہی یا غفلت برتے گا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف نائٹ اینکروچمنٹ آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ڈپارٹمنٹ کے یارڈز میں کیمرے نصب کیے جائیں جن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز بھی کر سکیں۔
طحہ سلیم نے اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ انسداد تجاوزات کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں عوام کی سہولت اور شہر کی بہتر صفائی کے لیے ہیں، اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News