
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے اور پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں معصوم شہریوں، خصوصاً بچوں اور خواتین پر بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ 50 ہزار سے زائد شہدا میں 75 فیصد تعداد بچوں کی ہے۔
انہوں نے مغربی دنیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگ عظیم میں اسی مغربی دنیا نے کروڑوں انسانوں کا قتل عام کیا اور اب فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہے۔
فضل الرحمان نے حماس کے رہنما کے اسرائیل مردہ باد نعرے پر عمل درآمد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین اسرائیل کے مقابلے میں کامیاب ہو رہے ہیں اور نیتن یاہو کو انسانیت کا دشمن قرار دیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ فلسطینی بچوں کے حقوق پر مغربی دنیا کیوں خاموش ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہمارے حکمران فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے کیوں نہیں ہوتے؟
مولانا نے مزید کہا کہ جے یو آئی پاکستان کے نظریے کی علمبردار ہے اور ہم پاکستان کی بقا اور استحکام کے لیے لڑ رہے ہیں۔
فضل الرحمان نے 26ویں آئینی ترمیم اور مدارس بل پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ یہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہونے کے باوجود ایوان صدر سے دستخط کے بغیر چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں نے مدارس بل پر اتفاق کیا تھا، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کو اسلام آباد مارچ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دینی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News