
نادرا سینٹر شملہ پہاڑی میں بے پناہ رش اور گھنٹوں کی طویل انتظار کی صورتحال میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، جس کے بعد شہریوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے عمل میں تیز رفتار خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رات گئے نادرا سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود مرد و خواتین سے ان کے مسائل دریافت کیے۔
شہریوں نے بتایا کہ پہلے یہاں بہت زیادہ رش ہوتا تھا اور طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، مگر اب ہر کام چند منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے اور انہیں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے لیے سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سندھ کی ایک فیملی کی دستاویزات بنانے کے لیے اپنے اسٹاف کو فوری ہدایات دیں اور نادرا سینٹر کے مختلف کاونٹرز کا دورہ کیا۔
انہوں نے شہریوں سے ملاقات کرکے سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ نادرا سینٹر شملہ پہاڑی میں شہریوں کا اطمینان میرے لیے مسرت کا باعث ہے۔
انہوں نے شناختی کارڈز وصول کرنے والے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ان سے دریافت کیا کہ شناختی کارڈز وصول کرنے میں کتنی مدت لگتی ہے۔
وزیر داخلہ نے نادرا سینٹر کی پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ یہ تبدیلی نادرا کی محنت اور شہریوں کی خدمت کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News