
کراچی کے علاقے آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں قائم ایک عمارت کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے پانچ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل موقع پر موجود ہیں، جو آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے اور جلد مکمل قابو پا لیا جائے گا۔
دوسری جانب، فائربریگیڈ نے واٹر کارپوریشن سے مدد طلب کر لی، جس پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور جائے وقوعہ پر واٹر ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے انچارج ہائیڈرنٹس سیل مسلسل فائربریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، جبکہ سی ای او کے فوکل پرسن ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
واٹر بورڈ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک پانی کی مسلسل فراہمی جاری رہے گی۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News