
نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔
جس کے تحت صارفین کو 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق اپریل سے جون 2025 کی سہ ماہی کے لیے ہوگا۔
حکومت نے حالیہ مہینے پیٹرولیم لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کو جزوی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر 4 اپریل کو سماعت کی تھی اور اب فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق، اس فیصلے سے کراچی کی کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام بجلی صارفین مستفید ہوں گے، تاہم لائف لائن صارفین اس ریلیف سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں حاصل ہونے والے اضافی محصولات کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں کمی کی یہ تجویز پیش کی تھی، جسے نیپرا نے منظور کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ مہنگائی کے دباؤ میں مبتلا عوام کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جو آنے والے مہینوں میں بجلی کے بلوں میں کمی کی صورت میں عملی طور پر نظر آئے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News