سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے، جہاں ان کا استقبال ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے کیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی اور انہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ایک خصوصی پیغام پہنچایا۔ تاہم اس پیغام کی نوعیت اور تفصیلات سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئیں۔
ملاقات کے دوران آیت اللہ خامنہ ای نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو دونوں ممالک کے لیے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران، باہمی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گا۔
سعودی وزیر دفاع کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان رواں ہفتے روم میں اہم جوہری مذاکرات متوقع ہیں۔
مبصرین کے مطابق، اس تناظر میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کئی برسوں پر محیط کشیدگی کے بعد 2023 میں چین کی ثالثی کے نتیجے میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال کیے تھے، جسے مشرق وسطیٰ میں استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
