پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔
محسن نقوی نے سری لنکا کے شامی سلوا سے یہ عہدہ حاصل کیا، جو دسمبر 2024 میں صرف تین ماہ قبل اس منصب پر فائز ہوئے تھے۔
محسن نقوی جو فروری 2024 سے پی سی بی کے چیئرمین ہیں، اس تقرری پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ایشیا دنیا کرکٹ کا دل ہے اور میں تمام رکن بورڈز کے ساتھ مل کر کرکٹ کے کھیل کو مزید فروغ دینے اور اس کے عالمی اثرات کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر نئے مواقع تلاش کریں گے، تعاون میں اضافہ کریں گے اور ایشیائی کرکٹ کو ایک نئی بلندی تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اے سی سی کے سابق صدر شامی سلوا کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت کو سراہا۔
شامی سلوا نے اے سی سی کی صدارت کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے طور پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات رہی ہے۔
ہمارے رکن بورڈز کی ثابت قدمی اور تعاون کی بدولت اے سی سی کی حیثیت کو پورے خطے میں مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے نقوی کی قیادت پر اعتماد ظاہر کیا اور کہا کہ وہ ان کے تجربہ اور صلاحیتوں سے کرکٹ کے مستقبل میں اہم کامیابیاں دیکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔
نقوی کے لیے یہ ایک اور اہم ذمہ داری ہے، کیونکہ پی سی بی کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستان نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے مکمل طور پر اپنے ملک میں انعقاد کے حق کو تسلیم کرانے کے لیے اہم قدم اٹھایا تھا۔ جب بھارت نے اپنے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا۔
پی سی بی اور بی سی سی آئی نے ایک معاہدہ کیا جس میں طے پایا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
محسن نقوی کے لیے اے سی سی کے صدر کے طور پر سب سے بڑا چیلنج اس سال کے آخر میں ٹی 20 ایشیا کپ کے مقام کا انتخاب ہوگا۔
بھارت سرکاری طور پر اس ایونٹ کا میزبان ہے، لیکن پی سی بی پاکستان کے میچز کے لیے کسی دوسرے مقام کی درخواست کر سکتا ہے۔
اے سی سی سطح پراس قسم کا معاملہ پہلے بھی پیش آ چکا ہے۔ جب 2023 میں پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کی، بھارت کے پاکستان نہ جانے کی وجہ سے سری لنکا کو ٹورنامنٹ کے دوسرے حصے کا میزبان بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
