
امریکا کے معتبر اخبار واشنگٹن پوسٹ نے پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، جب کہ پاکستان میں عوامی مورال غیر معمولی حد تک بلند ہے۔
اخبار کے مطابق، حالیہ تناؤ کے باعث بھارت نے احتیاطی طور پر ملک بھر میں 21 ایئرپورٹس کو کم از کم ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت کئی شمالی اور مغربی شہروں میں جمعرات کے روز بجلی کی فراہمی معطل رہی، جب کہ مشرقی ریاست پنجاب کے ضلع گرداس پور میں مکمل بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا۔
راجستھان کے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جسے ماہرین بھارت میں بڑھتی ہوئی داخلی بے چینی کا مظہر قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب، 77 بھارتی ڈرونز تباہ
دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔ رپورٹ میں دفاعی اور سیاسی ماہرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام کی حوصلہ افزائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر پاکستانی فوج کی مؤثر اور بروقت جوابی کارروائی پر عوامی سطح پر اعتماد اور تحسین کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کئی شہروں میں لوگ سڑکوں پر جشن مناتے بھی دیکھے گئے۔
اخبار نے مزید انکشاف کیا کہ امریکی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف حالیہ دفاعی ردعمل میں ایف-16 طیاروں کا استعمال نہیں کیا، جس سے پاکستان کے موقف کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی ہے۔
رپورٹ میں اس بات کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ کہنا مشکل ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کا اگلا مرحلہ کیا رخ اختیار کرے گا، تاہم خطے میں پائی جانے والی صورتحال عالمی برادری کے لیے باعث تشویش بنتی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News