زندگی اور موت کے درمیان معلق دو معصوم دلوں کو آخرکار وہ دھڑکنیں واپس مل گئیں جن کا 9 سال سے انتظار تھا۔
دل کے شدید عارضے میں مبتلا بہن بھائی عبداللہ اور منسا کا علاج بھارت میں جاری تھا، مگر پاک بھارت کشیدگی نے ان کے علاج کا سلسلہ منقطع کر دیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے علاج سے انکار پر بچے وطن واپس آئے اور یہیں ان کی کہانی نے ایک نیا رخ لیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور راولپنڈی کے معروف ادارے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (AFIC) کو دونوں بچوں کے علاج کی ہدایت کی۔
عبداللہ اور منسا کے والد شاہد احمد نے شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیلڈ مارشل عاصم منیر فوری قدم نہ اٹھاتے تو شاید میرے بچے آج ہمارے ساتھ نہ ہوتے۔ نو سال سے سرجری ممکن نہ ہو رہی تھی، لیکن الحمداللہ، اے ایف آئی سی کی ٹیم نے وہ کر دکھایا جو بھارت میں ممکن نہ ہو سکا۔
شاہد احمد کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ایک مریض ہیں اور یہ صدمہ برداشت نہ کر سکتے۔ ڈاکٹروں نے جس جانفشانی سے کام کیا وہ قابلِ تحسین ہے، اے ایف آئی سی واقعی ایک مثالی ادارہ ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے ایف آئی سی میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نصیر احمد سومرو نے بتایا کہ یہ ادارہ پاکستان کا پریمیئر کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ہے، جہاں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں
ان کے مطابق، واپسی پر بچوں کی اسسمنٹ کی گئی اور ایک ماہر ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب سرجری کا تفصیلی پلان تیار کیا۔
بریگیڈیئر ڈاکٹر خرم اختر نے بتایا کہ عبداللہ اور منسا کو دل کی انتہائی پیچیدہ بیماری لاحق تھی، جن کا علاج ایک ہی مرحلے میں ممکن نہ تھا۔ ہم نے عبداللہ کے لیے مخصوص میڈیکل پلان تیار کیا جو مکمل طور پر کامیاب رہا۔
کرنل ڈاکٹر داؤد کمال نے کہا کہ اے ایف آئی سی کی فراہم کردہ سہولیات اور پلان بھارتی ڈاکٹروں کے پلان سے کہیں زیادہ مؤثر ثابت ہوا، الحمدللہ بچے اب کافی بہتر ہیں اور جلد گھر جانے کے قابل ہوں گے۔
کرنل ڈاکٹر محمد عبداللہ اور کرنل ڈاکٹر عدنان اکرم نے بھی اعتراف کیا کہ ان کیسز کو anesthesia کے نقطہ نظر سے سنبھالنا ایک چیلنج تھا، لیکن ٹیم کی مہارت اور لگن نے ان تمام چیلنجز کو کامیابی میں بدل دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
