
فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی نئی تجویز پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے ایک فلسطینی عہدیدار جو اس معاملے سے قریبی طور پر واقف ہیں کے حوالے سے بتایا کہ اس پیشرفت کو اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے ممکنہ خاتمے کی راہ ہموار کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تجویز حماس کو ثالثی کے ذریعے موصول ہوئی ہے، جس میں 70 دن کی جنگ بندی اور دس زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی شامل ہے۔
یرغمالیوں کو دو مراحل میں رہا کیا جائے گا، جبکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ سے جزوی انخلاء بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں: دوسروں کے علاج میں مصروف ماں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسرائیلی حملے میں ڈاکٹر میاں بیوی کے 9 بچے شہید
تجویز میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں قید کئی سو فلسطینیوں، جنہیں طویل سزائیں دی گئی تھیں، کی رہائی بھی اس معاہدے کا حصہ ہو گی۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس پیشکش پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ 18 مارچ کو اسرائیل نے جنوری میں طے پانے والی جنگ بندی کو غیر مؤثر قرار دے کر غزہ پر اپنی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی تھیں، جس کے جواب میں حماس اور اس کی اتحادی تنظیموں نے راکٹ حملے شروع کر دیے تھے۔
حماس نے عندیہ دیا ہے کہ وہ تمام باقی یرغمالیوں کو رہا کرنے اور مستقل جنگ بندی پر تیار ہے، بشرطیکہ اسرائیل مکمل طور پر غزہ سے انخلاء کر لے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کی 11 ہفتے کی ناکہ بندی کے باعث فلسطینی بھوکے مر رہےہیں، انتونیوگوتریس
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل صرف عارضی جنگ بندی پر آمادہ ہو گا، وہ بھی صرف یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں۔ ان کا مؤقف ہے کہ جنگ صرف اس وقت ختم ہو گی جب حماس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیل کی جنوبی سرحدی بستیوں پر حملہ کیا تھا، جس میں 1,200 افراد ہلاک اور 251 یرغمال بنائے گئے تھے، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے شروع کیے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، جاری جنگ میں اب تک تقریباً 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ اقوام متحدہ اور امدادی ادارے شدید غذائی قلت اور انسانی بحران کی نشاندہی کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News