
حکومتِ پاکستان نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار “گرین سکوک” کے اجرا کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد ماحول دوست اور پائیدار ترقی کے حامل منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس اسلامی مالیاتی آلہ کا اجرا 20 سے 30 ارب روپے تک متوقع ہے، جو نیلامی کے ذریعے سرمایہ کاروں کو فروخت کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ گرین سکوک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیا جائے گا اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے اس کی تجارت اور فروغ ممکن بنایا جائے گا، جس سے مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو شفاف اور قابلِ اعتماد مالیاتی مواقع میسر آئیں گے۔
یہ اقدام وفاقی کابینہ کی منظورکردہ پائیدار سرمایہ کاری سکوک فریم ورک کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے، جو ماحولیات، توانائی، آبی وسائل اور صاف ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مالیاتی معاونت کی راہ ہموار کرے گا۔
اعلامیہ کے مطابق، گرین سکوک کا اجرا حکومتِ پاکستان کے وژن 2028 سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد پائیدار اقتصادی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی جیسے اہم اہداف کا حصول ہے۔
ترجمان وزارتِ خزانہ کے مطابق، یہ سکوک نہ صرف مالیاتی مارکیٹ کی وسعت اور گہرائی میں اضافہ کرے گا، بلکہ پاکستان کے عالمی سطح پر ماحولیاتی ذمے داری کے عزم کو بھی اجاگر کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News