
وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے قطر کے وزیر صحت منصور بن ابراہیم المحمود سے دوحہ میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستانی سرجنز کی پیشہ ورانہ درجہ بندی کے مسئلے سمیت صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق، اس ملاقات میں پاکستان کے سرجن جنرل ڈاکٹر ارشد نسیم اور قطر میں پاکستانی سفارتکار محمد عامر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران سید مصطفیٰ کمال نے قطر میں موجود پاکستانی سرجنز کو کیٹیگری 3 سے ترقی دے کر کیٹیگری 1 میں شامل کرنے کی درخواست کی، جو طویل عرصے سے پاکستانی ڈاکٹروں کا ایک اہم مطالبہ تھا۔
قطری وزیر صحت نے پاکستانی وزیر صحت کو جلد از جلد کیٹیگری میں تبدیلی کی یقین دہانی کروائی۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات
اس تبدیلی کے بعد پاکستانی سرجنز کو قطر میں خدمات انجام دینے کے لیے کسی اضافی امتحان کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کی پیشہ ورانہ راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو جائے گی۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق، اس پیش رفت سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو جائے گا، اور قطر میں بڑی تعداد میں پاکستانی ڈاکٹرز کی شمولیت سے نہ صرف زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کا طبی شعبہ بھی بین الاقوامی سطح پر مضبوط ہوگا۔
مزید برآں، سید مصطفیٰ کمال نے قطر کو پاکستان میں طب، ویکسین اور میڈیکل آلات کی تیاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا خیرسگالی پیغام بھی اپنے قطری ہم منصب کو پہنچایا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News