وزیراعظم آفس میں پہلی نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنایا جائے گا، اور نیشنل یوتھ گیمز انہیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا تاریخی موقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلی مرتبہ قومی سطح پر نیشنل یوتھ گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اور گیمز کے ذریعے نئی ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کو ممکن بنایا جائے گا، کھیلوں کے فروغ سے قیادت، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ ملے گا۔
چیئرمین رانا مشہود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی و نجی شراکت داری کے ذریعے نیشنل یوتھ گیمز کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، اور ان کے ذریعے پاکستان میں کھیلوں کے نظام میں نئی روح پھونکی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت سے قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ ملے گا، جو ملک کی سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لیے ایک فعال، بامقصد اور دیرپا پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے، جس کے تحت نیشنل یوتھ گیمز کو تاریخی کامیابی بنایا جائے گا۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے تمام اداروں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر نیشنل یوتھ گیمز کو ایک یادگار اور متاثرکن ایونٹ بنائیں گے جو پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی، مواقع اور قومی فخر کی علامت ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
