
شہر قائد کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت کے گرنے کی کچھ منٹ قبل کی دل دہلا دینے والی فوٹیج سامنے آ گئی ہے ، جس میں 27 افراد کی جانیں ضائع ہو گئیں۔
فوٹیج سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے پلرز ٹوٹنا شروع ہوئے، اور اس کے کچھ ہی دیر بعد پوری عمارت زمین بوس ہو گئی۔ عمارت کے نیچے پارک کیے گئے رکشے اور گاڑیاں اس تباہی کا حصہ بن گئیں۔
مقامی افراد کے مطابق، پلرز کے ٹوٹنے کی آوازیں سن کر عمارت کے نیچے موجود لوگ، خاص طور پر گیرج میں کام کرنے والے افراد، فوراً باہر کی طرف دوڑنے لگے۔ تاہم، عمارت میں موجود 20 مکانات میں سے صرف چند افراد ہی عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔
علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے سے پہلے انہیں متعدد جھٹکوں کا سامنا ہوا تھا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے میں 27 افراد کی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی، لیاری ریسکیو آپریشن مکمل، 27 افراد جاں بحق
دوسری جانب کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے لیاری میں مزید دو عمارتوں کو سیل کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ان عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے اور ان میں موجود 22 مکانات کو خالی کروا کر عمارتوں کو سیل کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
ایس بی سی اے کی ٹیم اور مختیار کار لیاری ٹاؤن خدا بخش موقع پر موجود ہیں اور ان عمارتوں کو خالی کروانے کے بعد انہیں سیل کر دیا جائے گا۔ یہ عمارتیں پانچ پانچ منزلہ ہیں اور دریا آباد چھ نمبر گلی میں واقع ہیں۔
لیاری میں حالیہ دنوں کے دوران آٹھ مزید عمارتوں کو سیل کیا جا چکا ہے تاکہ مزید کسی انسانی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ایس بی سی اے کی ٹیم کی نگرانی میں یہ عمل جاری ہے تاکہ مخدوش اور خطرناک عمارتوں کو عوامی استعمال سے محفوظ بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News