
پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے انگلش کاؤنٹی کلب ووکاشائر سے تین سالہ ٹی20 معاہدہ سائن کر لیا ہے، جو 2026 سے شروع ہوگا۔
پہلے سال وہ غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر کھیلیں گے، لیکن 2027 سے انہیں برطانیہ میں “لوکل پلیئر” تصور کیا جائے گا۔
29 سالہ اسامہ میر کو یہ حیثیت برطانوی شہریت کی حامل اہلیہ کے باعث حاصل ہوگی۔ انہوں نے ابھی پاکستان کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کا قومی ٹیم میں مستقبل غیریقینی نظر آتا ہے۔
وہ اپریل 2024 کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل پائے اور گزشتہ برس پی سی بی کی مرکزی کنٹریکٹ فہرست سے بھی خارج کر دیے گئے۔
کرکٹ کی عالمی ویبسائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسامہ میر کا پی سی بی سے تعلق اس وقت متاثر ہوا جب بورڈ نے انہیں 2023 میں ووکاشائر ریپیڈز کے لیے ٹی20 بلاسٹ میں شرکت سے روک دیا تھا، حالانکہ کلب نے انہیں سائن کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے اُس وقت “پی ایس ایل پلس دو” پالیسی کے تحت این او سی دینے سے انکار کیا تھا، جس کے تحت کھلاڑی ایک سال میں دو سے زیادہ غیر ملکی لیگز میں حصہ نہیں لے سکتے۔
اس کے باوجود اسامہ میر نے پچھلے ایک سال میں مختلف ٹی20 لیگز میں عمدہ کارکردگی دکھائی، جن میں دی ہنڈریڈ، بگ بیش لیگ (BBL)، پی ایس ایل، اور گلوبل سپر لیگ شامل ہیں۔ وہ پی ایس ایل 2024 کے سب سے کامیاب بالر رہے اور 2023 کے بلاسٹ میں ریپیڈز کے لیے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ووکاشائر کے سی ای او اور سابق انگلش کرکٹر ایشلے جائلز نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“ہم اس معاہدے سے بے حد خوش ہیں، اسامہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو طویل مدت میں ہماری ٹیم کو استحکام دے سکتے ہیں۔ ان کا مقامی کھلاڑی کے طور پر دستیاب ہونا اسکواڈ کی منصوبہ بندی میں ہمیں زبردست لچک فراہم کرتا ہے۔”
ذرائع کے مطابق اسامہ میر فی الحال پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے، تاہم 2027 سے اگر وہ وطن میں کھیلنے کا ارادہ رکھیں تو انہیں “اوورسیز پلئیر” کے طور پر رجسٹر ہونا پڑے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News