انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ جنرل اجلاس (AGM) سنگاپور میں منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی اور کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سال 2024 کی سالانہ رپورٹ اور آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے بھی متفقہ طور پر منظور کیے گئے۔
آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران افغان نژاد بے گھر خواتین کرکٹرز کی معاونت کے لیے جاری مشترکہ سپورٹ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس منصوبے کی نگرانی آئی سی سی کے نائب صدر عمران خواجہ کر رہے ہیں، جو افغان خواتین کھلاڑیوں کی بحالی اور تربیت کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
اجلاس میں امریکہ کرکٹ کی موجودہ صورتِ حال پر بھی غور کیا گیا، اور آئی سی سی نے امریکی کرکٹ بورڈ کو آئندہ تین ماہ کے اندر شفاف اور آزاد انتخابات کرانے کی ہدایت جاری کی، تاکہ بورڈ کی گورننس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جا سکے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے آئی سی سی نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ تین فائنلز 2027، 2029 اور 2031 کی میزبانی انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو سونپ دی ہے۔
علاوہ ازیں، اجلاس میں گرومورتی پلانی، انوراگ بھاٹناگر اور گردیپ کلیئر کو چیف ایگزیکٹیو کمیٹی (CEC) کے نئے اراکین کے طور پر منتخب کر لیا گیا، جبکہ سبکدوش ہونے والے ارکان بشمول جیف ایلرڈائس کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آئی سی سی نے افریقی خطے سے دو نئے ایسوسی ایٹ ممبران، مشرفی تیمور اور زیمبیا، کو تنظیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس شمولیت کے بعد آئی سی سی ممبران کی مجموعی تعداد بڑھ کر 110 ہو گئی ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق تنظیم مستقبل میں کرکٹ کے فروغ، شفاف حکمرانی، اور خواتین کی شمولیت جیسے بنیادی اہداف پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی، تاکہ کھیل کو مزید جامع، پائیدار اور عالمی سطح پر مقبول بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
