وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتصلات گروپ (Etisalat Group) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حاتم داویدار کی قیادت میں پانچ رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں موجودہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتصلات گروپ کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور ان کے لیے کاروبار دوست ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی کمپنیاں طویل عرصے سے پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بیرونی سرمایہ کاروں، بالخصوص اماراتی کمپنیوں کے لیے سازگار کاروباری مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔
اتصلات گروپ کے سی ای او حاتم داویدار نے حالیہ حکومتی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کی بدولت پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بہتر کاروباری ماحول پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتصلات گروپ گزشتہ 19 سالوں سے پاکستان میں کامیاب سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مستقبل میں مزید طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اتصلات گروپ میں اس وقت 10 ہزار سے زائد پاکستانی مختلف شعبہ جات میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، جو کمپنی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔
اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت، انفراسٹرکچر، اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
