لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاکستان نیوی کے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹرز میں اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
لیبیا کے مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی بے مثال کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بحریہ نے نہ صرف خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی میری ٹائم سیکیورٹی کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی مفادات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
