
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے درمیان آج ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، حالیہ سیلابی صورتحال اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر نے پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے نیک جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حمایت اور یکجہتی نے پاکستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے گہرے احترام اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ ماہ چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے دوران باہمی ملاقات اور گفتگو کے امکان پر بھی مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
یہ رابطہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کے تسلسل اور مشترکہ چیلنجز پر باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News