شہریوں کا شکایتی مرکز کے باہر دھرنا، پانی کی قلت اور ناقص آن لائن سسٹم پر شدید برہمی کا اظہار
نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس میں 35 گھنٹوں سے بجلی کی بندش پر شہریوں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے شکایتی مرکز کے باہر دھرنا دے دیا۔
مظاہرین کے مطابق، نارتھ ناظم آباد کے بلاکس اے اور ایچ سمیت متعدد علاقوں میں مسلسل ڈیڑھ دن سے بجلی بند ہے، جس کے باعث گھروں، مساجد اور بازاروں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مکینوں نے بتایا کہ مساجد میں پانی ختم ہو چکا ہے اور نمازی وضو تک کے لیے ترس رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا آن لائن شکایتی نظام مسلسل خراب ہے، جس پر بار بار ریکارڈنگ آتی ہے، اور شکایت درج کرنا ممکن نہیں۔
شہریوں نے الزام لگایا کہ بارش کے بعد نہ صرف بجلی بحال نہیں ہو سکی بلکہ شکایات کے اندراج کے تمام ذرائع بھی ناکارہ ہو چکے ہیں۔
ایک مشتعل مکین کا کہنا تھا کہ نہ بجلی ہے، نہ پانی، نہ شکایت درج ہو رہی ہے، مجبور ہو کر ہم سڑکوں پر نکلے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے، اور کے الیکٹرک کے سسٹمز کو اپ ڈیٹ کر کے عوام کی شکایات سننے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
